محفوظ اور صحت مند ورک پلیس ہر ورکر کا بنیادی حق ہے، مریم نواز شریف

محفوظ اور صحت مند ورک پلیس ہر ورکر کا بنیادی حق ہے، مریم نواز شریف

ویب ڈیسک:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صنعتی ادارے اور کام کرنے والے ورکرز حفاظتی اصولوں کی مکمل پابندی یقینی بنائیں تاکہ ہر فرد کو ایک محفوظ اور صحت مند ماحول میسر آ سکے۔

ورک پلیس پر تحفظ اور صحت یقینی بنانے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہر ورکر کا محفوظ اور صحت مند ماحول میں کام کرنا اس کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ادارے کی ترقی اور اہداف کے حصول کے لیے ضروری ہے کہ افرادی قوت صحت مند اور محفوظ ہو، کیونکہ محفوظ ورک پلیس ہی معیشت کی ترقی اور ایک خوشحال معاشرے کی بنیاد رکھتی ہے۔

ورکرز کی فلاح کیلئے عملی اقدامات
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں ورکرز کی فلاح و بہبود، ان کی حفاظت اور صحت کے لیے کئی ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ حکومت ورکرز کی عزت، صحت، تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ کام کرنے والوں کے لئے ایک ایسا کلچر فروغ دیا جا سکے جہاں ہر فرد کی جان اور صحت کو مقدم سمجھا جائے۔

اجتماعی کوششوں پر زور
وزیراعلیٰ نے کہا کہ تمام اداروں، ورکرز اور متعلقہ اداروں کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ کام کی جگہوں کو محفوظ، صحت مند اور خوشحال بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کا دن اس امر کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ملازمت کے مقامات پر ممکنہ خطرات اور حادثات سے خبردار کرنے کا شعور اجاگر کیا جائے۔

عالمی تھیم کا حوالہ
مریم نواز شریف نے بتایا کہ عالمی یوم پیشہ وارانہ سلامتی اور صحت 2025ء کا تھیم ’’محفوظ اور صحت مند کام کی جگہ کے لیے آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور ڈیجیٹائزیشن کا انقلابی کردار‘‘ ہے، جس کے تحت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ورک پلیس پر تحفظ اور صحت کو بہتر بنانے پر توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب اس حوالے سے بھی مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات کر رہی ہے تاکہ ہر ورکر کو محفوظ اور جدید سہولیات سے آراستہ ورک پلیس فراہم کی جا سکے۔