وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے عالمی یوم صحت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب کے عوام کو صحت اور علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
مریم نواز نے بتایا کہ پنجاب میں "صحت مند پنجاب" وژن کے تحت متعدد اہم اصلاحات کا آغاز کیا گیا ہے، جن کے ذریعے عوام کو معیاری اور جدید طبی خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فیلڈ ہسپتال اور "کلینک آن ویل" کے منصوبوں کے ذریعے لاکھوں مریضوں کو محض چند ماہ میں ان کے گھروں تک علاج کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ پنجاب بھر میں پہلی بار 1250 مراکز صحت کو جدید ترین اور خوش وضع کلینک میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ عوام کو بہتر طبی خدمات مل سکیں۔ مریم نواز نے مزید بتایا کہ بڑے ہسپتالوں میں علاج، طبی ٹیسٹ اور ادویات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں، اور پہلی مرتبہ عوام کو ان کی دہلیز پر ادویات فراہم کرنے کا انتظام کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پاکستان کا پہلا سرکاری کینسر ہسپتال اور سرگودھا میں ایک کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ جلد فنکشنل ہو جائیں گے۔
اس کے علاوہ، پنجاب میں چیف منسٹر چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام اور ٹرانسپلانٹ کارڈ بھی متعارف کرائے گئے ہیں، اور پسماندہ علاقوں سے ایمرجنسی کی صورت میں مریضوں کو بڑے شہر منتقل کرنے کے لیے ایئر ایمبولینس سروس بھی شروع کی گئی ہے۔مریم نواز نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی یوم صحت کے تھیم "صحت مند آغاز، پُرامید مستقبل" کے مطابق زچہ اور بچہ کی صحت اور سلامتی کے حوالے سے مزید اقدامات کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت مند طرز زندگی کا شعور اور اس کے فوائد کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، کیونکہ صحت مند آبادی ہی ایک خوشحال، پُرامن اور پرسکون معاشرے کی بنیاد ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے اس موقع پر عالمی یوم صحت کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں اچھی صحت کو برقرار رکھنے کی اہمیت یاد دلاتا ہے، اور ہمیں اپنی روزمرہ زندگی میں مثبت تبدیلیاں لا کر صحت اور معیار زندگی کو بہتر بنانے کی کوشش کرنی چاہیے۔