وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے انسدادِ ملیریا کے عالمی دن کے موقع پر پیغام دیا ہے جس میں انہوں نے کہا کہ ملیریا ایک خطرناک مگر قابلِ علاج مرض ہے اور اس کے خاتمے کے لیے ہمیں متحد ہونا ہوگا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ ملیریا کا خاتمہ اور ایک صحت مند معاشرہ پنجاب حکومت کی ترجیح ہے۔ پنجاب حکومت نے انسدادِ ملیریا کے لیے جدید حکمتِ عملی اور مؤثر عملدرآمد جاری رکھا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ملیریا سے بچاؤ کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں اور پنجاب کے ہر ضلع میں اینٹی ملیریا سپرے مہمات، مفت ٹیسٹ اور علاج کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ملیریا کے ہاٹ سپاٹس اور زیادہ متاثرہ علاقوں میں بروقت طبی امداد پہنچائی جا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملیریا کے خاتمے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، جیسے کہ صاف پانی کو ڈھانپنا اور مچھردانیوں کا استعمال کرنا۔مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب کا ہر بچہ، ہر ماں، ہر خاندان ہماری ترجیح ہے، اور ان کا تحفظ ہمارا مشن ہے۔