اسلام آباد(آن لائن) قومی اسمبلی کی انسداد غربت اور کامرس کمیٹی کے اجلاس آج سوموار کوہونگے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق قائمہ کمیٹی برائے انسداد غربت کا اجلاس چیئرمین میر غلام علی تالپور کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں پاکستان بیت المال کے ایم ڈی کمیٹی کو ادارے کی کارکردگی سمیت موجودہ فنڈز کی صورتحال اور درپیش مشکلات سے آگاہ کریں گے۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کامرس کا اجلاس چیئرمین محمد جواد حنیف خان کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوگا۔ اجلاس میں امریکا کی جانب سے پاکستان پر عائد ٹیرف کے اثرات سے کمیٹی کو آگاہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں سٹیل سیکٹر کی برآمدات کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بھی کمیٹی کو بریفنگ دی جائے گی۔