مقبوضہ کشمیر :بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی جاری، مزید کئی افراد گرفتار

 سری نگر کے 60 مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے، مسمارکیے جانیوالے گھروں کی تعداد 10ہوگئی
سرینگر (آئی این پی )مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی میں مزید اضافہ ہوگیا اور بڑے پیمانے پر جاری کریک ڈائون کے دوران مزید متعدد افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔ چھاپوں میں گرفتاریوں کے علاوہ مبینہ طور حملے میں ملوث افراد کے مزید گھر بھی مسمار کیے جارہے ہیں ، جس کے بعد اب تک مسمار کیے جانے والے گھروں کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔ پہلگام واقعے کے بعد حکام کی طرف سے واقعے میں ملوث کرداروں اور ان کے حمایتیوں کے خلاف شروع کی گئی مہم میں اب تک بڑی تعداد میں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق سری نگر کے 60 مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ریاستی پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کریک ڈائون اور گھروں کی مسماری کی کارروائیوں کا مقصد دہشت گردی کے نظام کو ختم کرنا ہے۔