موٹر سائیکل چھیننے والے ڈاکوئوں سے پولیس کا مقابلہ، ایک گرفتار

گرفتارملزم 23 سنگین مقدمات میں ملوث اور بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ نکلا 
 اوکاڑہ (خصوصی رپورٹ) پولیس مقابلے کے دوران بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ زخمی حالت میں گرفتار ہو گیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہو گئے۔پولیس ترجمان کے مطابق 3 مسلح ڈاکو شہری محمد صدیق سے موٹر سائیکل چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ منڈی احمد آباد انسپکٹر عدنان رفیق اپنی ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے۔ ٹبی جوگی کے مقام پر ڈاکوو?ں نے پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس نے بھی حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی کارروائی کی۔فائرنگ کے تبادلے میں ایک خطرناک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ دو ڈاکو فرار ہو گئے۔ گرفتار ملزم کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ وہ ڈکیتی اور راہزنی کے 23 سنگین مقدمات میں ملوث اور بین الاضلاعی ڈکیت گینگ کا سرغنہ ہے۔پولیس نے فرار ملزموں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ گرفتار ڈاکو کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔