24 گھنٹوں میں کارروائی، چوری شدہ موٹر سائیکل اور چھینا گیا موبائل برآمد
سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے دونوں وارداتوں میں ملوث ملزم پکڑے گئے
لاہور (کرائم رپورٹر) لوہاری گیٹ پولیس نے موبائل سنیچنگ اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث گینگ کو 24 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق لوہاری گیٹ پولیس نے موبائل چھیننے کی اطلاع پر کارروائی کی تو اسی دوران موٹر سائیکل چوری کی واردات کی بھی اطلاع موصول ہوئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کی جانب سے ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دیا گیا۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج چیک کرنے پر معلوم ہوا کہ دونوں وارداتوں میں ایک ہی گینگ ملوث ہے، جبکہ فوٹیج میں ملزمان کو واردات کے بعد فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے 150 سے زائد کیمروں کی فوٹیج بیک ٹریک کرکے چیک کی گئی۔ دونوں وارداتوں میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے سو فیصد ریکوری یقینی بنائی گئی۔ ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکل اور چھینا گیا موبائل فون برآمد کرکے اصل مالکان کے حوالے کر دیا گیا۔ ریکارڈ یافتہ ملزمان شہباز اور عرفان کو مزید تحقیقات کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے سپرد کر دیا گیا۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو نے بروقت کارروائی اور سو فیصد ریکوری پر ایس ایچ او لوہاری گیٹ اور ان کی ٹیم کو شاباش دی۔ ان کا کہنا ہے کہ شہریوں کے مال و جان کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور جرائم کے انسداد کے لیے لاہور پولیس ہمہ وقت متحرک ہے۔