شہنیلا عامر کے ووٹوں میں 2201 ووٹوں کی کمی ،محمد علی کے ووٹ برقرار رہے
اورنگی یوسی 1 میں 12پولنگ اسٹیشنز پردوبارہ گنتی ہوئی،رہنماؤں کااظہارمسرت
کراچی (خصوصی رپورٹ) ٹی ایم سی اورنگی یوسی 1 کے چیئرمین کی نشست پر ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد نتیجہ تبدیل ہو گیا، ریٹرننگ افسر کے جاری فارم 14 کے مطابق تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار محمد علی کامیاب قرار پائے، 24 ستمبر کو پولنگ کے بعد مرتب کئے گئے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کی خاتون امیدوار شہنیلا عامر 3801 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائی تھیں۔پیپلز پارٹی کی امیدوار شہنیلا عامر نے بھی پانچ پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست جمع کرائی تھی۔ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر ویسٹ کے دفتر میں ریٹرننگ افسر کی نگرانی میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل مکمل کیا گیا۔ 12 پولنگ اسٹیشنز کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے بعد تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار محمد علی کے ووٹ برقرار رہے تاہم پیپلز پارٹی کی امیدوار شہنیلا عامر کے ووٹوں میں 2201 ووٹوں کی کمی واقع ہوئی۔ ریٹررنگ افسر کے جاری کردہ فارم 14 کے مطابق دوبارہ گنتی کے بعد تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار محمد علی 1787 ووٹ لیکر سرفہرست جبکہ پیپلز پارٹی کی امیدوار شہنیلا عامر 1600 حاصل کرکے دوسرے نمبر پر رہیں۔دریں اثنا کراچی مینجمنٹ کمیٹی کے ہیڈ علامہ نذیر احمد رضوی اور کراچی مینجمنٹ کمیٹی کے ممبر محمد اسماعیل رضوی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان کراچی ڈویڑن کے نامزد امیدوار برائے ضمنی بلدیاتی الیکشن یو سی 1 اورنگی ٹاؤن مفتی علی جہانگیری کی شاندار کامیابی پر ہم اورنگی ٹاؤن کے غیور عوام کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔