پنجاب کابینہ اجلاس کالعدم تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی توثیق ملتان، راولپنڈی اور لاہور میں الیکٹرو بس کرایوں میں اضافہ کی تجویز مسترد

سرکاری سکولوں میں’’سکول ٹیچرز انٹرن‘‘کی بھرتی‘ پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف اموویبل پراپرٹی آرڈیننس 2025ء کی منظوری دی گئی
 کابینہ کے فیصلے عوامی فلاح، شفافیت اور ترقی کی مہر کے حامل ہیں پنجاب کے ہر شعبے میں مثبت تبدیلی لانے کا عزم جاری رہے گا:مریم نواز کی اجلاس میں گفتگو
لاہور (سپیشل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت 30ویں کابینہ اجلاس میں عوامی فلاح اور ترقی کو نئے عزم اور رفتار کے ساتھ آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں ہر فیصلہ عوام کی امنگوں اور ریاستی ذمہ داری کا عکس بنا۔کابینہ نے عوام پر بوجھ بڑھانے کی ہر تجویز مسترد کی اور خدمت کو اپنے فیصلوں کا محور بنایا۔ ملتان، راولپنڈی اور لاہور میں الیکٹرو بس کرایوں میں اضافہ کی تجویز مسترد کی گئی۔ صوبائی کابینہ نے کالعدم تحریک لبیک پاکستان پر پابندی کی باضابطہ توثیق کی۔تعلیم کے شعبے میں سرکاری اسکولوں میں‘‘اسکول ٹیچرز انٹرن’’کی بھرتی کی منظوری دی گئی، جبکہ وزیر اعلیٰ کے وژن کے تحت پنجاب پروٹیکشن آف اونرشپ آف اموویبل پراپرٹی آرڈیننس 2025ء کی منظوری دی گئی۔لاہور تا راولپنڈی ہائی سپیڈ ریل منصوبے کے لیے ایم او یو کی منظوری دی گئی اور ایئر پنجاب پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنی کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے ریٹیلرز کے لیے کیو آر کوڈ، محراب محفوظ روشن پنجاب، مصر کے ساتھ زرعی اشتراک، انسداد تشدد و انتہا پسندی بورڈ، ٹریفک جرمانہ و پوائنٹ سسٹم، نیشنل بینک پارک میوزیم، لاہور میوزیم کی بحالی، الیکٹرک بس ڈپو اور گوجرانوالہ ماس ٹرانزٹ پراجیکٹ سمیت متعدد اہم منصوبوں کی منظوری دی۔صحت اور انتظامیہ کے شعبے میں ضلعی ہسپتالوں کے کارڈیک کیتھ لیبز کے سٹاف، پنجاب فنانشل ایڈوائزری سروسز، پنجاب سروس ٹربیونل، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی، پنجاب منرل کمپنی، پنجاب سہولت بازار اتھارٹی، پنجاب سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی، بہاولپور تعلیمی بورڈ، بایومیڈیکل ایکیوپمنٹ ریسورس سنٹر، انجینئرنگ کنسلٹنسی سروسز اور گرین پاکستان پروگرام کے لیے بھی اہم منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ کابینہ کے فیصلے عوامی فلاح، شفافیت اور ترقی کی مہر کے حامل ہیں اور پنجاب کے ہر شعبے میں مثبت تبدیلی لانے کا عزم جاری رہے گا۔