300کلو مردہ مرغیاں تلف ،ملزم گرفتار

فوڈ سیفٹی ٹیموں نے جیون پورہ میں کارروائی کی ،مردہ مرغیاں بوریوں میں بند کر کے چھپا کر رکھی گئی تھیں:فوڈ اتھارٹی
لاہور(خصوصی رپورٹ)فوڈ سیفٹی ٹیموں نے جیون پورہ میں کارروائی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر مردہ مرغیوں کی ترسیل ناکام بنادی جس میں 300کلو مردہ مرغیاں تلف کردی ،جبکہ جعلسازی کا گھنانا دھندہ کرنے پر مقدمہ درج اور1ملزم گرفتارکرادیا گیا۔تفصیلات کے مطابق چیکنگ کے دوران سپلائر پک اپ سے مردہ مرغیاں برآمد ہونے پر کارروائی عمل میں لائی گئی،مردہ مرغیاں بوریوں میں بند کر کے چھپا کر رکھی گئی تھی، انتہائی لازم ریکارڈ اور ضروری دستاویزات عدم موجود پائی گئی،موقع پر ویٹرنری سپیشلسٹ نے مرغیوں کو تفصیلی جائزہ کے بعد مضر صحت قرار دیا،مردہ مرغیوں کا گوشت تیار کر کے سپلائی کیا جانا تھا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کے مطابق بیمار ناقص گوشت کا استعمال موذی امراض میں مبتلا کرسکتا ہے،جعل ساز مافیا زیادہ منافع کے لا لچ میں خوراک نہیں بیماری فروخت کرتا ہے،شہری مرغی کو اپنی موجودگی میں ذبح کروائیں، پہلے سے تیار گوشت ہرگز مت خریدیں،وزیر اعلیٰ پنجاب کے حکم پر پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں معیاری خوراک کی یقینی فراہمی کے لیے مسلسل چیکنگ جاری رکھے ہوئے ہیں۔