پاک فوج اندرونی امن کیساتھ عالم اسلام کے مسائل پر نظر رکھے ہوئے ہے ڈی جی آئی ایس پی آر

پاکستان کا مستقبل نوجوان ہیں ‘ ملک کی ترقی اور استحکام کیلئے ان کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے‘ پاک فوج نے ہر دور میں ملک کے دفاع کی ذمہ داری پوری کی ہے‘آپریشن بنیان مرصوص نے پاکستان کی ساکھ کو مضبوط کیا 
فوج قومی یک جہتی کے لئے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کر رہی ہے:لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کی جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور کے دورہ کے موقع پر گفتگو‘پنجاب یونیورسٹی کا بھی دورہ کیا‘طلبہ کے سوالات کے جواب دیئے
لاہور(آئی این پی‘مانیٹرنگ ڈیسک)پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا ہے  پاک فوج کے ملک کے اندرونی امن کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کے مسائل پر نظر رکھے ہوئے ہے۔پاک فوج کے ترجمان نے جامعہ عروۃ الوثقیٰ لاہور کا دورہ کیا جہاں علامہ سید جواد نقوی اور طلبہ و طالبات سے ملاقات کی۔اس موقع پر نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا  پاکستان کا مستقبل نوجوان ہیں اور ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے ان کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے‘ پاک فوج نے ہر دور میں ملک کے دفاع کی ذمہ داری پوری کی ہے۔انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس آپریشن نے پاکستان کی ساکھ کو مضبوط کیا اور عالمی سطح پر ملک کا وقار بڑھایا ہے۔جامعہ عروۃ الوثقیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ طلبہ کو قومی ذمہ داریوں کا شعور دینا وقت کی ضرورت ہے تاکہ نئی نسل قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکے۔طلبہ نے اس موقع پر مختلف مسائل پر سوالات کیے اور ڈی جی آئی ایس پی آر نے تفصیل سے گفتگو کی اور کہا کہ پاک فوج ملک کے اندرونی امن کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کے مسائل پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے اور قومی یک جہتی کے لیے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔طلبہ نے فوج کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نشست نے ان کے شکوک و شبہات دور کیے ہیں اور وہ منفی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں اور انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔دریں اثناء  لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے پنجاب یونیورسٹی لاہور کا دورہ کیا جہاں طلبا اور انتظامیہ نے پرتپاک استقبال کیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کی طلبا و طالبات کے ساتھ خصوصی نشست ہوئی اور سوالات کے جوابات دیئے، طلبہ نے مادر وطن کے دفاع میں پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کا بھرپور عزم کیا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اور فیکلٹی ممبران سے بھی ملاقات کی، طلبہ اور فیکلٹی ممبران نے بھارت کو شکست دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر شرکا کا کہنا تھا کہ وطنِ عزیز کے دفاع کیلئے اساتذہ اور طلبہ ہمہ وقت پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، پاک فوج کے خلاف منفی پروپیگنڈے کے باعث ابہام اور شکوک و شبہات دور ہوگئے۔