پی سی ایس آئی آر کے مینڈیٹ، کارکردگی اور مستقبل کے کردار کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل‘برآمدات میں اضافے،معاشی ترقی میں پی سی ایس آئی آر کااہم کردار ہے: وزیراعظم

چھوٹے کاروبار کیلئے قرضے کا حصول آسان بنایا جائے شہبازشریف
ایسے ایس ایم ای ایس جن کا  پاکستان سنگل ونڈو میں  برآمدی ڈیٹا موجود ہے  یا جو ایکسیم انشورنس  اور ڈیجیٹل انوائسنگ کے ذریعے سپلائی چین کا حصہ ہیں انہیں  قرضوں کی فراہمی کیلئے اسی کو ضمانت کے طور پر غور کیا جائے
 چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار  ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان کو سہولیات کی فراہمی سے معاشی سرگرمیوں، روزگار اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا:وزیراعظم کی اجلاس میں گفتگو

اسلام آباد(ایجنسیاں‘مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسرچ کے مینڈیٹ، کارکردگی اور مستقبل کے کردار کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل  دیدی گئی ، وزیراعظم نے پاکستانی برآمدی مصنوعات کی عالمی سرٹیفکیشن سہل بنانے کیلئے ادارے کی تمام لیبارٹریز کی بین الاقوامی معیار کیمطابق ایکریڈیٹیشن کی ہدایت بھی کردی ہے۔پی سی ایس آئی آر کے امور سے متعلق اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے کہا  پی سی ایس آئی آر ملکی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں مسابقت کے قابل بنانے۔ چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباروں کی ترقی اور برآمدات پر مبنی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کی صنعتی فنی تربیت کے لیے نیوٹیک کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ہدایت بھی کی‘دریں اثناء  وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ایس ایم ایز (SMEs) کے شعبے کو قرضوں تک آسان رسائی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ شہباز شریف  نے ایس ایم ایز کی مالی وسائل تک رسائی، کاروباری دستاویزات کی تیاری اور برآمدی شعبے میں مواقع سے استفادے کے لیے مؤثر رہنمائی اور معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم نے کہا ہے کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) ہماری معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، ان کو سہولیات کی فراہمی سے معاشی سرگرمیوں، روزگار اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا، وزیراعظم نے ایس ایم ایز کے لیے قرضوں کے حصول کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ ایسے SMEs جسکا  پاکستان سنگل ونڈو میں  برآمدی ڈیٹا موجود ہے، یا جو ایکسیم انشورنس  اور ڈیجیٹل انوائسنگ کے ذریعے سپلائی چین کا حصہ ہیں، انکو  قرضوں کی فراہمی کیلئے اسی کو ضمانت کے طور پر غور کیا جائے، ایس ایم ایز کے کیش فلو (Cash Flow) کو بھی قرضوں کی فراہمی کے لیے ضمانت کے متبادل پیمانے کے طور پر دیکھا جائے۔وزیراعظم  نے ایس ایم ایز کے لیے بینکوں کے قرضوں سے متعلق احتیاطی ضوابط  پر نظرثانی کی  ہدایت کی اور کہا کہ سرکاری اداروں کے پاس موجود متعلقہ ڈیٹا تک بینکوں کی رسائی یقینی بنائی جائے تاکہ ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی کا عمل تیز کیا جا سکے،   ایس ایم ایز کو سہولت دینے کے لیے بینک صرف قرضوں کی فراہمی ہی نہیں بلکہ لیٹرز آف کریڈٹ (LCs) کے اجرا اور بینک گارنٹیز کی فراہمی میں بھی معاونت کریں۔