جے یو آئی کا پی ٹی آئی کو اندرونی سازشوں پر نظر رکھنے کا مشورہ، اتحاد کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے:اسلم غوری

علی امین گنڈا پور گرینڈ الائنس میں رکاوٹ؟ 
 کے پی وزیراعلیٰ مولانا پر ذاتی حملے کریں گے تو ماحول خراب ہوگا :شاہد خاقان عباسی، علی امین تحریک انصاف کے گوربا چوف ہیں۔ اپوزیشن اتحاد بننے کے قریب ہوتا ہے تو سازشی عناصر اپنا کام شروع کر دیتے ہیں: ترجمان جے یو آئی 
 اسلام آباد ( خصوصی رپورٹ ) پی ٹی آئی اور جے یو آئی کے درمیان شدید اختلافا ت ،جے یو آئی نے علی امین گنڈا پور کو اپوزیشن الائنس میں رکاوٹ قراردیدیا ، عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو اتحاد بنانا اشد ضروری ہے لیکن جے یوآئی اور پی ٹی آئی کے اختلافات ہیں،کے پی وزیراعلیٰ مولانا پر ذاتی حملے کریں گے تو ماحول خراب ہوگا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو اتحاد بنانے کی اشد ضرورت ہے، پی ٹی آئی کے اندر مسئلہ یہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں، پی ٹی آئی کے جو لوگ باہر ہیں ان میں ہر آدمی بات کرتا ہے اور پی ٹی آئی کے ہر لیڈر کی بات میں تضاد نظر آتا ہے۔مولانا فضل الرحمان کو پی ٹی آئی سے متعلق تحفظات ہیں۔ جے یوآئی اور پی ٹی آئی کے اختلافات ہیں، لیکن بڑے مقصد کیلئے ساتھ چلنے کو تیار ہیں۔جب اپوزیشن کے لوگ ایک دوسرے پر تنقید کریں گے تو معاملات آگے کیسے چلیں گے؟کے پی وزیراعلیٰ مولانا پر ذاتی حملے کریں گے تو ماحول خراب ہوگا۔مولانا پر ذاتی حملوں کے حوالے سے بات ابھی تک سلجھ نہیں سکی۔دوسری جانب ترجمان جے یوآئی اسلم غوری نے ایکس پر جاری اپنے ردعمل میں کہا کہ علی امین گنڈا پور عمران خان کی واضح ہدایات کے باوجود مولانا فضل الرحمان کیخلاف ہرزہ سرائی کر رہا ہے، تحریک انصاف اور جے یوآئی کے درمیان فاصلوں کو بڑھانے کی سازش کر رہا ہے۔ گرینڈ اپوزیشن میں رکاوٹ سے حکومت اور غیر جمہوری قوتوں کو فائدہ ہو گا۔ علی امین گنڈا پور تحریک انصاف کے گوربا چوف ہیں۔پی ٹی آئی کو بیرونی نہیں اندرونی سازشوں سے خطرہ ہے، جب اپوزیشن اتحاد بننے کے قریب ہوتا ہے سازشی عناصر اپنا کام شروع کر دیتے ہیں۔ اسلم غوری نے کہا کہ علی امین اپنی حکومت کو دوام دینے کیلئے اپوزیشن اتحاد سے خوفزدہ ہے۔ پی ٹی آئی قیادت پارٹی کے اندر سازشیوں پر نظر رکھے۔ اپوزیشن گرینڈ الائنس کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے۔ گنڈا پور نے علماء کی تضحیک کرکے اپنی گھٹیا ذہنیت کا اظہار کیا ہے۔علماء کرام انبیاء کے وارث ہیں انکی توہین برداشت نہیں کی جائیگی۔ ترجمان جے یو آئی نے کہا کہ پی ٹی آئی وضاحت کرے علی امین کا علماء کے بارے میں بیان انکی پارٹی پالیسی ہے؟