حماس تمام یرغمالی رہا کرے ورنہ مار دیئے جائو گے:اسرائیلی وزیراعظم

 ہم نے السنوار کو مارا‘حماس کی باقیات اب بھی غزہ میں ہے، ہمیں اپنا مشن مکمل کرنا ہے
ایران کو جوہری توانائی کسی طور دوبارہ حاصل نہیں کرنے دیں گے:اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب
نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے حماس، حزب اللہ ایران اور حوثیوں کو قتل کی کھلی دھمکیاں دیں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیتن یاہو نے اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروں کی ان رپورٹس کو مسترد کردیا جس میں کہا گیا تھا کہ اسرائیل غزہ میں نسل کشی کا مرتکب ہو رہا ہے۔انھوں نے پوری ڈھٹائی کے ساتھ حماس، حزب اللہ، ایران، یمن کے حوثیوں اور شام میں اسرائیلی حملوں کا دفاع بھی کیا اور اپنی جارحیت کے من گھڑت جواز پیش کیے۔نیتن یاہو نے دھمکی دی  حماس سے کہتا ہوں ہتھیار ڈال دو، تمام یرغمالی رہا کرو گے تو زندہ رہو گے ورنہ مار دیئے جائو گے۔نیتن یاہو نے کہا  ہم نے السنوار کو مارا، ہمیں غزہ میں اپنا مشن مکمل کرنا ہے کیونکہ  حماس کی باقیات اب بھی غزہ میں موجود ہیں۔اسرائیلی وزیراعظم نے مطالبہ کیا  ایران میں یورینیئم کے ذخائر کو ختم ہونا چاہیے۔ ہم ایران کو جوہری توانائی کسی طور دوبارہ حاصل نہیں کرنے دیں گے۔