فلسطینیوں میں سے جو یرغمالی کو رہا کرانے میں مدد دیگااسے اور اس کے خاندان کو غزہ سے محفوظ نکل جانے کی اجازت دے دیں گے، اسرائیلی فوجیوں سے گفتگو
تل ابیب (آئی این پی )اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے دعویـ کیا ہے کہ غزہ میں حماس کی فوجی طاقت ختم کردی، جنگ ختم ہونے کے بعد غزہ میں حماس کی حکومت باقی نہیں رہنے دیں گے۔عرب میڈیا کے مطابق نیتن یاہو نے غزہ میں اسرائیلی فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جنگ رکنے کے بعد غزہ کی پٹی پر اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ یہاں حماس کی حکومت نہ رہے، اسی لیے حماس کے عسکری ونگ کی جنگی صلاحیتوں کو نشانہ بنایا گیا اور سارا انفراسٹرکچر تباہ کیا جا رہا ہے۔اسرائیلی وزیراعظم نے کہا کہ اسرائیل اور اس کی فوج کی مسلسل کوشش ہے کہ حماس کی قید میں باقی رہ گئے 101یرغمالیوں کی رہائی کیلئے تلاش کی جائے اور پتا چلایا جائے وہ کہاں رکھے گئے ہیں۔نیتن یاہو نے اپنے فوجیوں کو انعام کی رقم کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ جو ایک یرغمالی کو واپس لائے گا اس کے بدلے اسے پانچ ملین ڈالر انعام دیا جائے گا جبکہ فلسطینیوں میں سے جو کوئی ہمارے ایک یرغمالی کو رہا کرانے میں مدد دے گا کہ یرغمالی اپنے گھر تک بحفاظت پہنچ جائے اسے اور اس کے خاندان کو غزہ سے محفوظ نکل جانے کی اجازت دے دیں گے۔ان کاکہنا تھا کہ جو بھی ہمارے یرغمالی کو تکلیف پہنچائے گا یا جس کے ہاتھ یرغمالیوں کے خون سے رنگے ہوں گے، ہم اس کا شکار کریں گے اور اس تک پہنچ جائیں گے۔اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دورے کے موقع پر اسرائیلی فوج کے سربراہ بھی موجود تھے جنہوں نے نیتن یاہو کو غزہ کی صورتحال اور اسرائیلی فوج کی کارروائیوں پر بریفنگ دی۔