چینی کمپنیاں گدھوں کی افزائش کیلئے 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالر سرمایہ کاری پر تیار

پاکستان میں 40 فارم قائم ہوں گے، سالانہ 80 ہزار گدھوں کی افزائش کا ہدف  مقرر کردیا گیا
ماہانہ 10 ہزار گدھوں کا گوشت چین برآمد کیا جائے گا، مقامی فروخت ممنوع ہوگی: وزارت غذائی تحفظ
اسلام آباد (آن لائن) پاکستان میں گدھوں کی افزائش بڑھانے کے لیے چینی کمپنیوں نے سرمایہ کاری پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ وزارت غذائی تحفظ کے ذرائع کے مطابق چین کی کمپنی سنگ ینگ" 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی، جبکہ مجموعی طور پر مختلف چینی کمپنیاں ملک بھر میں 40 فارم قائم کریں گی۔ذرائع کے مطابق ان منصوبوں کے تحت سالانہ 80 ہزار گدھوں کی افزائش کا ہدف رکھا گیا ہے۔ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 3 سے 5 سال تک افزائش پر توجہ دی جائے گی، جس کے بعد ماہانہ 10 ہزار گدھوں کا گوشت چین کو برآمد کیا جائے گا۔مزید بتایا گیا ہے کہ اس منصوبے میں گدھوں کے گوشت اور ہڈیوں کی برآمد پر زور ہوگا، تاہم مقامی مارکیٹ میں ان کی فروخت ممنوع قرار دی گئی ہے۔منصوبے کے تحت زرعی یونیورسٹی پشاور میں گدھوں کی افزائش نسل کے لیے ایک جدید لیبارٹری بھی قائم کی جائے گی۔ حکام کے مطابق سائنسی بنیادوں پر کی جانے والی یہ افزائش پاکستان کو عالمی سطح پر گدھوں کی سپلائی چین میں ایک اہم فریق بنا سکتی ہے۔