وزیر صنعت سے چین کی دو بڑی سرمایہ کار کمپنیوں کے حکام کی ملاقات، ٹیکسٹائل، آٹو پارٹس اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کا عندیہ
لاہور(خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین سے چین کی دو بڑی سرمایہ کار کمپنیوں کے حکام نے ملاقات کی۔ چین کی سرمایہ کار کمپنیوں نے ٹیکسٹائل، آٹو پارٹس اور ٹرانسپورٹ سیکٹر میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کا عندیہ دیاہے۔شین زینز سی انرجی پاور ہولڈنگ کمپنی ٹیکسٹائل اور آٹو پارٹس سیکٹر میں سرمایہ کاری کرے گی۔ذیحیوزن گروپ ٹرانسپورٹ سیکٹر میں 3 ارب روپے کی سرمایہ کاری کرے گا۔دونوں گروپوں کی سرمایہ کاری سے 21 ہزار کے قریب روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے،اس حوالے سے محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور چین کی کمپنیوں کے مابین جلد معاہدے پر دستخط ہوں گے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ چین کے دونوں سرمایہ کار گروپوں کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے،چین کی سرمایہ کار کمپنیاں کھلے دل سے یہاں سرمایہ کاری کریں،حکومت ہر ممکن سہولت دے گی۔چودھری شافع حسین نے کہاکہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں،خصوصی اقتصادی زونز میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ فیصل آباد کی انڈسٹریل اسٹیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے کمیونٹی سینٹر بنایا جارہا ہے۔