چینی کمپنیاں پنجاب آئیں‘ آئی ٹی، کلاؤڈ اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کریں مریم نواز

پنجاب حکومت اور ہواوے کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری پر اتفاق، پنجاب کو ڈیجیٹل صوبہ بنا رہے ہیں‘ تعلیمی اداروں میں مصنوعی ذہانت کا مضمون لازمی قرار دیا جا چکا 
 پنجاب کے نوجوان جدید ٹیکنالوجی میں دنیا کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں‘بگ ڈیٹا کے موثر استعمال سے حکومتی فیصلہ سازی مزید بہتر بنائی جا سکتی ہے:بگ ڈیٹا ایکسپو سے خطاب
لاہور ،گوئی یانگ (زیڈ این این)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے وفد کے ساتھ چین میں عالمی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے کے اعلیٰ حکام سے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب کو مصنوعی ذہانت سے لیس صوبہ بنانے کے لیے سٹریٹجک شراکت داری اور موثر ورکنگ میکانزم قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ہواوے حکام نے وزیراعلیٰ کو نواز شریف آئی ٹی سٹی میں 6 ڈیٹا سنٹرز اور ساورن ڈیٹا سنٹر کے قیام کے ساتھ ساتھ سرمایاکاری کے مواقعوں پر بریفنگ دی۔ملاقات کے دوران پنجاب کے 1000 نوجوانوں کو بطور ہواوے ماسٹر ٹرینر اور 300 خواتین ٹرینرز کو AI ٹریننگ فراہم کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے سمارٹ سٹی، کمانڈ سنٹر، ہیلتھ کیئر، ایجوکیشن اور زراعت میں ہواوے کی تکنیکی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی کمپنیوں سے اشتراکِ کار ڈیجیٹل پنجاب کی تعبیر میں اہم سنگِ میل ثابت ہو گا۔انہوں نے کہا پنجاب ہیلتھ سیکٹر میں ہارٹ ٹرانسپلانٹیشن کے لیے AI ٹیکنالوجی استعمال کرنے والا پہلا صوبہ بن چکا ہے، جبکہ 2029ء تک پورا صوبہ مربوط ڈیجیٹل نظام سے منسلک ہو جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ سرکاری سکولوں میں AI کو لازمی مضمون کے طور پر شامل کیا گیا ہے اور حکومتی کابینہ، افسران و ملازمین کو بھی مصنوعی ذہانت کی جدید تربیت دی جا رہی ہے۔۔دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے چین کے شہر گوئی یانگ میں ''چائنا انٹرنیشنل بگ ڈیٹا انڈسٹری ایکسپو 2026'' سے  خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین دوستی محض دو حکومتوں کے درمیان تعلق کا نام نہیں بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان اعتماد اور باہمی احترام کا مضبوط رشتہ ہے۔  نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ترجیح ہے، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے حکومتی نظام میں شفافیت سے کارکردگی بہتر بنائی جا سکتی ہے۔ پنجاب کے نوجوان جدید ٹیکنالوجی میں دنیا کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، پنجاب میں ڈیجیٹل گورننس کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔وزیراعلی پنجاب کا مزید کہنا تھا  بگ ڈیٹا کے موثر استعمال سے حکومتی فیصلہ سازی مزید بہتر بنائی جا سکتی ہے، بگ ڈیٹا ماحولیاتی نگرانی اور سموگ کے خاتمے میں بھی مدد گار ثابت ہوسکتا ہے۔