سندھ میں جدید کیمروں سے ٹریفک خلاف ورزیاں خودکار طور پر ریکارڈ ہوں گی:مراد علی شاہ

سندھ میں جدید کیمروں سے ٹریفک خلاف ورزیاں خودکار طور پر ریکارڈ ہوں گی:مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ٹریفک خلاف ورزیاں اب جدید کیمروں کے ذریعے خودکار طور پر ریکارڈ کی جائیں گی۔

 کراچی میں ایک تقریب سے خطاب میں انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی جانب سے رکشہ، گاڑی، اور موٹرسائیکل سمیت ہر قسم کی ٹریفک خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، اور اس کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کروایا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں ڈیجیٹل شفافیت اور جدیدیت کی جانب یہ ایک اہم قدم ہے، جس سے حکمرانی کو ہوشیار، مؤثر اور جوابدہ بنایا جائے گا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جدید ای-ٹکٹنگ سسٹم سے انسانی مداخلت اور جانبداری کا خاتمہ کیا جائے گا، اور اس سے شہریوں کی بہتر خدمت اور تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت کیمروں کی تعداد 12,000 تک بڑھائی جائے گی اور یہ نظام مرحلہ وار سندھ بھر میں پھیلایا جائے گا۔ عوام کے لیے رہنمائی اور سہولت کے لیے ٹریک مراکز قائم کیے گئے ہیں، تاکہ شہری آسانی سے نظام سے فائدہ اٹھا سکیں۔مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے سندھ ایک بار پھر فخر سے سب سے آگے کھڑا ہے، اور حکومت شفاف اور جدید حکمرانی کی طرف گامزن ہے۔