نہروں کے منصوبے کے خلاف سندھ متحد ہے، پیچھے نہیں ہٹیں گے: مراد علی شاہ

نہروں کے منصوبے کے خلاف سندھ متحد ہے، پیچھے نہیں ہٹیں گے: مراد علی شاہ

سیہون / بھان سعید آباد: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نہروں (کینالز) کے متنازع منصوبے کے خلاف سندھ کے عوام متحد ہیں اور پیچھے ہٹنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

 انہوں نے واضح کیا کہ سندھ حکومت اس منصوبے کو کسی صورت تسلیم نہیں کرے گی۔

واضح مؤقف اور عوامی حمایت
سیہون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا:"سندھ کے عوام سراپا احتجاج ہیں، اور ہم ہر سطح پر اس منصوبے کی مخالفت جاری رکھیں گے۔"انہوں نے مزید کہا کہ عمرکوٹ کے عوام نے حالیہ ضمنی الیکشن میں سازشی عناصر کو واضح پیغام دیا ہے کہ وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

کینالز کی منظوری نگراں حکومت نے دی
مراد علی شاہ نے انکشاف کیا کہ:"سوشل میڈیا پر یہ کہا جا رہا تھا کہ صرف پیپلز پارٹی ہی کینالز کو بند کروا سکتی ہے، یہ درست ہے کیونکہ ان کی منظوری نگراں حکومت نے ارسا (انڈس ریور سسٹم اتھارٹی) سے لی تھی۔"انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پہلے ہی پارلیمنٹ میں واضح کر چکے ہیں کہ ان نہروں کو کسی صورت سپورٹ نہیں کیا جا سکتا۔

جلسوں کی سیاست اور عوامی طاقت کا مظاہرہ
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ عمرکوٹ کے ضمنی الیکشن اور حالیہ حیدرآباد ڈویژن کا جلسہ پیپلز پارٹی کی عوامی مقبولیت کا ثبوت ہیں۔"یہ تو صرف ایک ڈویژن کا جلسہ تھا، اب سکھر، شہید بینظیر آباد، میرپور خاص اور کراچی میں بھی بڑے جلسے ہوں گے۔"
احتجاج کا خیرمقدم، مگر سازشوں سے ہوشیار
مراد علی شاہ نے کہا کہ کینالز کے خلاف احتجاج کرنے والے عوام کو خوش آمدید کہتے ہیں۔"ہم عوامی احتجاج کا خیرمقدم کرتے ہیں، لیکن کچھ عناصر اس کو پیپلز پارٹی کے خلاف سازش کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔"انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ پیپلز پارٹی اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کینالز کے معاملے پر عوام کے شانہ بشانہ ہیں اور کسی بھی غیرمنصفانہ منصوبے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔