وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خبردار کیا ہے کہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات دریائے سندھ میں ممکنہ سیلاب کا خطرہ ہے، اس لیے تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق مراد علی شاہ کو وزیر آبپاشی جام خان شورو نے دریائے سندھ کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 83 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 3 لاکھ 50 ہزار کیوسک ہے۔ اسی طرح سکھر بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 13 ہزار اور اخراج 2 لاکھ 59 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 64 ہزار اور اخراج 2 لاکھ 33 ہزار کیوسک ہے۔حکام کے مطابق بیراجوں کی موجودہ صورتِ حال اب تک قابو میں ہے، تاہم آئندہ دنوں میں پانی کی سطح میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے اس موقع پر متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایت دی کہ دریائی بند اور نہری نظام کی کڑی نگرانی کی جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام صوبائی وزراء اپنی نگرانی میں انتظامی اقدامات کو یقینی بنائیں اور عوام کو بروقت آگاہ کریں۔مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ دریا کے کناروں اور کچے کے علاقوں میں رہنے والے لوگ انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ ان کی زندگیوں اور املاک کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔