سردی کی آمد ،گیس لوڈشیڈنگ، عوام شدید پریشان

 صبح، دوپہر اور شام چند گھنٹوں کیلئے گیس دستیاب، کھانا بنانے میں مشکلات کا سامنا ، حکام سے نوٹس کا مطالبہ 
لاہور(کرائم رپورٹر ) سردی کی آمد کے ساتھ ہی سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے گھریلو صارفین کے لیے گیس کی تباہ کن لوڈشیڈنگ کا نیا شیڈول جاری کر دیا ہے، جس نے عوام کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اب گھروں میں کھانا پکانے کیلئے ایک ایک منٹ کا حساب رکھنا پڑتا ہے، ورنہ گیس بند ہونے کے باعث چائے یا کھانا نصیب نہیں ہوتا۔ایس این جی پی ایل کے مطابق نئے شیڈول کے تحت صارفین کو صرف دن کے اوقات میں تین بار گیس فراہم کی جائے گی۔ صبح ساڑھے 5 بجے سے ساڑھے 8 بجے تک، دوپہر ساڑھے 11 بجے سے ڈیڑھ بجے تک، اور شام ساڑھے 5 بجے سے ساڑھے 8 بجے تک محدود مدت کیلئے گیس دستیاب ہوگی۔ ان اوقات کے علاوہ رات ساڑھے 8 بجے سے صبح ساڑھے 5 بجے تک گیس کی فراہمی مکمل طور پر بند رہے گی۔گیس کی عدم دستیابی کے باعث شہریوں کو روزمرہ کھانا پکانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ نوکری پیشہ افراد اور طلبہ کے لیے یہ شیڈول خاص طور پر پریشانی کا باعث بن گیا ہے کیونکہ انہیں یا تو مہنگی ایل پی جی استعمال کرنی پڑ رہی ہے یا بازار سے تیار کھانا خریدنا پڑ رہا ہے۔ایس این جی پی ایل کے حکام کا کہنا ہے کہ سولہ گھنٹے کی روزانہ لوڈشیڈنگ کا مقصد گیس کے محدود ذخائر کو موسم سرما کے دوران منصفانہ تقسیم کرنا ہے تاکہ شہری اور دیہی دونوں علاقوں میں گیس کی دستیابی ممکن بنائی جا سکے۔ کمپنی نے صارفین سے درخواست کی ہے کہ وہ مقررہ اوقات میں گیس کا استعمال ذمہ داری سے کریں اور گیس چوری یا غیر قانونی کنکشن کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔