شدید سردی میں بھی لوڈشیڈنگ‘سوئی گیس غائب‘لوگ غاروں کے دور میں پہنچ گئے

شہری سرد موسم کے باوجود زیادہ تر اوقات میں گیس نہ ہونے سے شہری پریشان‘حکومت کی ہدایات کے باوجود کھانا پکانے کے اوقات میں بھی گیس نہیں آتی
لاہور ( سپیشل رپورٹر) سوئی ناردرن گیس کمپنی نے ایک بار پھر شیڈول گیس لوڈشیڈنگ شروع کر دی ہے، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں کھانا پکانے کے اوقات کے علاوہ گیس فراہمی معطل ہو گئی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرد موسم کے باوجود زیادہ تر علاقوں میں گیس پریشر انتہائی کم کر دیا گیا ہے، جس سے روزمرہ امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے موسمِ سرما میں دن بھر مناسب پریشر کے ساتھ گیس فراہمی کا اعلان کیا تھا اور صارفین کو صبح سے رات تک مسلسل گیس فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی تھیں، تاہم سوئی ناردرن گیس کمپنی نے ان احکامات کو نظر انداز کرتے ہوئے دوبارہ لوڈشیڈنگ شروع کر دی ہے۔اس کے علاوہ لاہور شہر کے اکثر علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس سے شہریوں کے مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے