یومِ سیاہ کے موقع پر خیبر پختونخوا حکومت نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا ہے اور بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کی ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی فوجوں نے جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کیا، اور اس کے بعد سے بھارتی ظلم و جبر کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزادی کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے اور ہم ان کی جدوجہدِ آزادی میں بھرپور حمایت فراہم کر رہے ہیں۔ عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور اقوام متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دلائے۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے بھی اس موقع پر بیان جاری کیا کہ 27 اکتوبر 1947ء کو بھارتی فوجوں نے جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضہ کیا، جو کہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ یہ دن بھارتی غیر قانونی قبضہ کے خلاف احتجاج اور کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام بھارتی ریاستی جبر کا سامنا کر رہے ہیں اور اقوامِ متحدہ کو چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو ان کا حقِ خود ارادیت دلوانے میں موثر کردار ادا کرے۔گورنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور اس کے عوام کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ ظلم ہمیشہ کے لیے غالب نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رنگ لائیں گی اور بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کریں گے۔