وزرائے اعلیٰ کا کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی، یومِ سیاہ کشمیر منایا گیا

وزرائے اعلیٰ کا کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی، یومِ سیاہ کشمیر منایا گیا

یومِ سیاہ کے موقع پر پاکستان کے چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف اپنے پیغامات میں کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتی قبضہ تاریخ کے سیاہ باب کا حصہ ہے اور یہ مسئلہ اقوامِ عالم کا ہے۔ انہوں نے پاکستان کی کشمیریوں کے ساتھ اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا وعدہ کیا اور کہا کہ پاکستان نے بھارتی غرور کو خاک میں ملا دیا ہے۔ مریم نواز نے مزید کہا کہ کشمیر اور پاکستان لازم و ملزوم ہیں، اور آزاد کشمیر کی صبح ضرور طلوع ہوگی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فوج نے سرینگر میں داخل ہوکر ظلم و جبر کا آغاز کیا، اور یہ دن کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی علامت ہے۔ انہوں نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دلائے اور کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی فورسز نے مقبوضہ کشمیر پر ناجائز قبضہ شروع کیا اور ظلم و ستم جاری ہے۔

 انہوں نے عالمی انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور اقوامِ متحدہ کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دلائے۔ انہوں نے کہا کہ امن کا راستہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل سے جُڑا ہے اور خیبر پختونخوا کشمیریوں کے ساتھ ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ 27 اکتوبر کشمیری عوام پر بھارتی قبضے کی یاد دلاتا ہے اور یہ دن حقِ خودارادیت کے عہد کی تجدید ہے۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے کشمیری عوام کے ساتھ سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت کا اعادہ کیا، اور کہا کہ بھارت کے ظلم و جبر نے وادی کو قید خانے میں بدل دیا ہے۔ انہوں نے عالمی ضمیر کو بیدار کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام ہمارے احساسات کا حصہ ہیں۔