ویب ڈیسک: یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر وفاقی وزرا نے بھارت کے 5 اگست 2019 کے یک طرفہ اور غیر قانونی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا اور عالمی برادری سے مؤثر کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔
عطاء اللہ تارڑ کا بیان
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا:"5 اگست کا دن تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے، بھارت نے کشمیریوں کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے ان کے بنیادی حقوق چھین لیے۔"پاکستان کا ہر شہری کشمیری عوام کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑا ہے۔بھارت دنیا کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، جو کشمیریوں پر مسلسل مظالم ڈھا رہا ہے۔پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
اسحاق ڈار کا پیغام
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا:بھارت 78 برسوں سے کشمیری عوام کو ان کے حقِ خودارادیت سے محروم رکھے ہوئے ہے۔5 اگست 2019 کے بعد بھارت نے ظلم و جبر، آبادیاتی تبدیلی، میڈیا پر قدغن اور سیاسی کارکنوں کی گرفتاریوں کے ذریعے کشمیریوں کی آواز دبائی۔عالمی برادری سے مطالبہ ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حقِ خودارادیت دیا جائے۔
محسن نقوی اور کامران خان ٹیسوری کے بیانات
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن قرار دیا اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا:بھارت نے اس روز غیر قانونی اقدام کرتے ہوئے کشمیریوں کے بنیادی حقوق پر ڈاکا ڈالا۔حکومت، عوام اور ادارے کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی میں ہیں۔
امیر مقام کا ردعمل
وفاقی وزیر برائے امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا:بھارت نے کشمیری عوام کی مرضی کے برخلاف آئینی حیثیت ختم کرکے اسے دو نام نہاد یونین ٹیریٹریز میں تقسیم کر دیا۔انتخابی حلقہ بندیوں اور غیر کشمیریوں کو ڈومیسائل دے کر کشمیری مسلمانوں کو اقلیت میں بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔عالمی برادری اور اقوام متحدہ بھارت کے غیر قانونی اقدامات کا نوٹس لیں اور سیاسی قیدیوں کی رہائی یقینی بنائیں۔
بلال اظہر کیانی کا بیان
وزیر مملکت برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا:5 اگست کے اقدامات کو عالمی برادری، اقوام متحدہ، پاکستان اور کشمیری عوام نے مسترد کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ہر عالمی فورم پر کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کی۔
خالد حسین مگسی کا موقف
وفاقی وزیر خالد حسین مگسی نے کہا:بھارت کا اقدام اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔پاکستان کشمیری عوام کی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔
مشترکہ عزم
تمام وزرا نے کشمیری عوام کی قربانیوں اور عزم کو سلام پیش کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلوانے میں مؤثر کردار ادا کرے۔