سمندری طوفان "میلیسا" کیوبا سے امریکا کی جانب تیزی، ہنگامی وارننگ جاری

سمندری طوفان

ویب ڈیسک: سمندری طوفان "میلیسا" کیوبا سے امریکا کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے، اور امریکی نیشنل ہریکین سینٹر نے ہنگامی وارننگ جاری کر دی ہے۔

یہ طوفان اب کیٹیگری 4 میں داخل ہو چکا ہے اور ممکنہ طور پر آنے والے دنوں میں شدید تباہی پھیلا سکتا ہے۔ماہرین کے مطابق، میلیسا ایک طاقتور اور جان لیوا سمندری طوفان ہے جو جمیکا، ہیٹی، اور ڈومینیکن ریپبلک میں شدید بارشیں، طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا سبب بن سکتا ہے۔ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 145 میل فی گھنٹہ تک پہنچ چکی ہے اور اثرات 200 میل کے دائرے میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔ اس کا مرکز جمیکا کے دارالحکومت کنگسٹن سے 125 میل جنوب مغرب میں اور کیوبا کے گوانتانامو سے 310 میل جنوب مغرب میں واقع ہے، اور یہ آنے والے دنوں میں جمیکا سے ٹکرانے کے بعد کیوبا اور بہاماس کے علاقوں کو متاثر کرے گا۔ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ، سمندر کی سطح 9 سے 13 فٹ تک بلند ہو سکتی ہے، جو ساحلی علاقوں میں بڑے پیمانے پر نقصان کا سبب بن سکتی ہے۔ جمیکا کے پہاڑی علاقے طوفان کے اثرات کو مزید شدت دے سکتے ہیں، کیونکہ پہاڑوں سے ٹکرا کر ہوا اوپر اٹھتی ہے اور بارش کی شدت میں اضافہ ہوتا ہے۔ اینڈریو کوزاک کا کہنا ہے کہ یہ 1988 کے ہولناک طوفان گلبرٹ کے بعد شاید سب سے طاقتور طوفان ہے، جس میں 45 افراد جاں بحق اور 70 کروڑ ڈالر سے زائد کا نقصان ہوا تھا۔

پیش گوئی کے مطابق، جمیکا، ہیٹی اور مشرقی کیوبا میں 30 انچ تک بارش متوقع ہے، جس سے لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ کیوبا کے صوبوں گرانما، سانتیاگو ڈی کیوبا، گوانتانامو اور ہولگوئن میں ہریکین وارننگ جاری کی گئی ہے، جبکہ لاس تونس میں ٹراپیکل اسٹارم وارننگ نافذ ہے۔ گوانتانامو بے کے امریکی نیول اسٹیشن نے غیر ضروری اہلکاروں اور شہریوں کو جزیرے سے نکالنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔امریکی ہریکین سینٹر کا کہنا ہے کہ اگر میلیسا موجودہ شدت برقرار رکھتی ہے تو یہ سال کا سب سے طاقتور بحرِ اوقیانوس کا طوفان ثابت ہو سکتا ہے۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں جمیکا اور قریبی جزائر میں تباہ کن بارشیں، زمین کے کھسکنے کے واقعات اور ہوائیں جانی و مالی نقصان کا سبب بن سکتی ہیں۔ پورے کیریبین خطے میں الرٹ جاری کیا گیا ہے۔