برطانوی ہائی کمشنر اور قائم مقام امریکی سفیر کی ملاقاتیں،دو طرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر اور قائم مقام امریکی سفیر نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں جن میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی مجموعی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ اور قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں انسدادِ منشیات، انسانی سمگلنگ اور سیکورٹی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگوکی گئی۔محسن نقوی نے اس موقع پرگفتگوکرتے ہوئے کہاکہ برطانوی ہائی کمیشن کے تعاون سے سینٹر آف ایکسیلنس جیسے منصوبے پاکستانی اداروں کی استعدادکار بڑھانے میں معاون ثابت ہوں گے، سینٹر آف ایکسیلنس کے قیام سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان میوچل لیگل اسسٹنٹس اور ایکسٹراڈیشن کے معاملات میں تعاون مزید مضبوط ہوگا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں ۔محسن نقوی نے کہاکہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔امریکی سفیرنے اس موقع پرکہاکہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں، سکیورٹی اور انسداد دہشت گردی کے شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔