یو این سیکرٹری جنرل کی محسن نقوی سے ملاقات افغانستان میں 25 دہشت گرد تنظیمیں سرگرم عالمی برادری کو اس خطرے سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے:وزیرداخلہ

 پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں  بھر پور کردار جاری رکھے گا، پاکستانی پولیس کے افسر اور اہلکار اقوام متحدہ پولیس میں بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں:محسن نقوی
پاکستان کی اقوام متحدہ کے امن مشنز میں شرکت ہمیشہ نمایاں رہی ہے، دنیا کے امن کیلئے پاکستان کا کردار قابلِ ستائش ہے:سیکرٹری جنرل  انتونیو گوتریس کی ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چودھری سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران عالمی و علاقائی صورتحال اور امن مشنز کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ لڑ رہا ہے، افغانستان میں اس وقت 25 دہشتگرد تنظیمیں کام کر رہی ہیں، جو دنیا کے امن کیلئے بڑا خطرہ ہیں، عالمی برادری کو اس خطرے سے نمٹنے کیلئے ملکر کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنز میں اپنا بھر پور کردار جاری رکھے گا، پاکستانی پولیس کے افسران اور اہلکار اقوام متحدہ پولیس میں بھی خدمات سرانجام دے رہے ہیں، پاکستان نے امن مشنز میں 181 جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کا کہنا تھا  پاکستان کی اقوام متحدہ کے امن مشنز میں شرکت ہمیشہ نمایاں رہی ہے، دنیا کے امن کیلئے پاکستان کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ ملاقات کے اختتام پر وزیر داخلہ نے قدرتی آفات کے دوران پاکستان کی بھرپور مدد اور معاونت پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا شکریہ ادا کیا۔