پاکستان اور امریکہ کے تعلقات دوستی اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں‘ دونوں ممالک مل کر دہشت گردی کے خلاف لڑنے کیلئے پرعزم ہیں:وفاقی وزیر داخلہ
امریکہ اس جنگ میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون فراہم کرے گا:امریکی سفیر کی ملاقات میں گفتگو‘ اسلام آباد دھماکے کی مذمت،شہداء کو خراج عقیدت پیش
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے دہشت گردی کا مقابلہ اولین ترجیح ہے، مذاکرات اور دہشت گردانہ حملے ایک ساتھ نہیں چل سکتے۔وفاقی وزیر داخلہ سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی اور اسلام آباد میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔امریکا کی قائم مقام نیٹلی بیکر نے اس حملے کو دہشت گردی کی ایک سنگین کارروائی قرار دیتے ہوئے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عدالتوں کو نشانہ بنانا چاہتے تھے، تاہم سکیورٹی کی وجہ سے وہ اندر داخل نہ ہو سکے، حملے سے جڑے تمام کرداروں کی ٹریسنگ مکمل ہو چکی ہے اور سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ جامع تحقیقات جاری ہیں۔محسن نقوی نے واضح کیا کہ مذاکرات اور دہشت گردانہ حملے ایک ساتھ نہیں چل سکتے اور پاکستان کے لیے دہشت گردی کا مقابلہ اولین ترجیح ہے، انہوں نے پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو دوستی اور باہمی اعتماد پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک مل کر دہشت گردی کے خلاف لڑنے کیلئے پرعزم ہیں۔اس موقع پر قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ امریکا اس جنگ میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون فراہم کرے گا۔