اسلام آباد: ملک میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.11 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح سنگل ڈیجٹ میں آکر 9.49 فیصد ہوگئی۔
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 9 اشیا سستی ہوئیں جبکہ 22 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹر کی قیمت میں 23.92 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ پیاز 21.27 فیصد اور ایل پی جی 7.78 فیصد سستی ہوئی۔ اسی طرح پیٹرول کی قیمت میں 2.48 فیصد اور ڈیزل کی قیمت میں 1.99 فیصد کمی ہوئی۔دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران گندم کے آٹے کی قیمت میں 5.72 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد میں بجلی کے چارجز 5.43 فیصد بڑھ گئے، جبکہ انڈے 4.36 فیصد اور مرغی 4.14 فیصد مہنگی ہوئی۔
سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی صورتحال
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیاد پر ایل پی جی کی قیمت میں 67.49 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ گندم کا آٹا 53.53 فیصد مہنگا ہوگیا۔اسی طرح سالانہ بنیاد پر مرغی کی قیمت میں 30.10 فیصد اور بجلی کے چارجز میں 29.33 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔تاہم بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں سالانہ بنیاد پر کمی بھی ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق چینی 26.56 فیصد، آلو 23.04 فیصد اور ٹماٹر 15.91 فیصد سستے ہوئے۔