ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.98 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم متعدد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ برقرار ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ملک میں مہنگائی کی مجموعی سالانہ شرح کم ہو کر 13.52 فیصد پر آ گئی ہے۔ تاہم اس دوران 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ متعدد دیگر اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ اضافہ ٹماٹر کی قیمت میں دیکھا گیا، جو 125.40 فیصد مہنگا ہوا۔ اس کے علاوہ پیاز کی قیمت میں 10.72 فیصد، آلو میں 10.06 فیصد، انڈوں میں 8.32 فیصد اور آٹے کی قیمت میں 5.08 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات کے مطابق دودھ، دہی اور چاول سمیت دیگر روزمرہ استعمال کی کئی اشیا بھی مہنگی ہوئیں، جس سے صارفین پر مہنگائی کا دباؤ برقرار ہے۔
دوسری جانب بعض اشیائے خورونوش اور ایندھن کی قیمتوں میں کمی بھی سامنے آئی۔ رپورٹ کے مطابق چکن کی قیمت میں 1.97 فیصد اور کیلے کی قیمت میں 1.44 فیصد کمی ہوئی، جبکہ دالیں، چینی، پیٹرول، ایل پی جی اور لہسن بھی گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں سستے ہوئے۔ماہرین کے مطابق ہفتہ وار مہنگائی میں کمی ایک مثبت اشارہ ہے، تاہم بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث عام شہریوں کو اب بھی مہنگائی کے دباؤ کا سامنا ہے۔