ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں معمولی کمی، سالانہ شرح 2.83 فیصد پر آ گئی

ملک میں ہفتہ وار مہنگائی میں معمولی کمی، سالانہ شرح 2.83 فیصد پر آ گئی

ملک میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.09 فیصد کی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی مجموعی شرح کم ہو کر 2.83 فیصد تک آ گئی ہے۔

 یہ اعداد و شمار ادارہ شماریات پاکستان کی جانب سے جاری کی گئی ہفتہ وار مہنگائی رپورٹ میں سامنے آئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 13 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 11 اشیاء سستی ہوئیں جبکہ 27 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مہنگائی میں مجموعی طور پر معمولی کمی آئی ہے تاہم بعض اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ بھی دیکھا گیا۔ادارہ شماریات کے مطابق حالیہ ہفتے میں پسی ہوئی مرچ کی قیمت میں 6.26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ چکن 5.29 فیصد اور کیلے 2.46 فیصد مہنگے ہوئے۔ اس کے علاوہ لہسن، انڈے، گھی اور مٹن کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پہلی سہ ماہی کے بجلی چارجز میں بھی 1.67 فیصد اضافہ ہوا، جس کے بعد بجلی کے نرخ 6 روپے فی یونٹ سے بڑھ کر 6 روپے 10 پیسے فی یونٹ ہو گئے ہیں، جو صارفین کے لیے اضافی بوجھ کا باعث بن سکتے ہیں۔

دوسری جانب بعض اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں نمایاں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔ حالیہ ہفتے کے دوران آلو 10.37 فیصد، ٹماٹر 9.64 فیصد، چینی 4.22 فیصد، دال چنا 1.76 فیصد اور پیاز 7.43 فیصد تک سستے ہوئے۔ اس کے علاوہ ایل پی جی، دال مسور اور گڑ کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی۔ماہرین کے مطابق اگرچہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں معمولی کمی ایک مثبت اشارہ ہے، تاہم بجلی اور بعض اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافے کے باعث عام صارفین کو مکمل ریلیف ابھی حاصل نہیں ہو سکا۔