مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ آج جو ہورہا ہے، کل ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی باری آئے گی، علی امین گنڈاپور

مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ آج جو ہورہا ہے، کل ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی باری آئے گی، علی امین گنڈاپور

اسلام آباد: سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے ساتھ آج جو کچھ ہورہا ہے، یہ پہلے سے طے تھا، آج مولانا کی باری آئی ہے، کل مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت سب کی باری آئے گی۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جب ان کی جماعت کو دیوار سے لگایا گیا تو سب خاموش رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ قانون کی بات کرتے ہیں اور پاکستان میں ترقی صرف قانون پر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے۔سابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی سمیت دیگر قومی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عوام کا اعتماد حاصل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو جیل میں سہولیات فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا۔علی امین گنڈاپور نے پارٹی میں اختلافات کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سب کا لیڈر بانی پی ٹی آئی عمران خان ہے اور سہیل آفریدی آج بھی وزیراعلیٰ ہیں۔

آڈیو لیک کیس میں وارنٹ گرفتاری منسوخ

دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے خلاف آڈیو لیک کیس میں جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے اور سماعت 20 جنوری تک ملتوی کردی۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں آڈیو لیک کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حاکم خان بکھر نے کی۔ علی امین گنڈاپور اپنے وکیل راجا ظہور الحسن کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔اس موقع پر ان کی جانب سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کرنے کی درخواست دائر کی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ گورنر راج کے دوران نظربند ہونے کے باعث وہ عدالت میں پیش نہیں ہوسکے تھے۔