پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن سے قانون سازی پر اتفاق ہوا تھا اور دونوں کی بات چیت جاری رہتی ہے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں مدارس کے اتحاد کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا، جس پر آج بھی قائم ہیں۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ مدارس کا ایک اہم رول ہے اور ان کے نصاب میں منافرت اور عسکریت پسندی کو ختم کرنا ضروری ہے۔ پی ٹی آئی نے معاہدہ کیا تھا کہ مدارس کی رجسٹریشن کی جائے اور طلبا پر نظر رکھی جائے، تاکہ ان کے نصاب میں ایسا مواد نہ ہو جو معاشرتی ہم آہنگی کو متاثر کرے۔انہوں نے کہا کہ معاہدے میں یہ بھی طے ہوا تھا کہ مدارس کے طلبا کو میٹرک اور ایف ایس سی تک ووکیشنل ٹریننگ اور تعلیم دی جائے، اور مدارس کے نصاب کی منظوری بھی ضروری ہو۔ بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ یہ ہمارا مؤقف تھا اور ابھی بھی ہے کہ مدارس کی رجسٹریشن ہونی چاہیے اور ہر صورت میں ہونی چاہیے۔