پیپلز پارٹی کا کوہستان کرپشن اسکینڈل پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے استعفیٰ کا مطالبہ

پیپلز پارٹی کا کوہستان کرپشن اسکینڈل پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے استعفیٰ کا مطالبہ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے خیبر پختونخوا کے میگا کرپشن اسکینڈل پر شدید ردعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور سے فوری طور پر مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ پارٹی کے رہنما نیئر بخاری نے کہا کہ شفاف تحقیقات کو یقینی بنانے کے لیے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو فوری طور پر مستعفی ہو جانا چاہیے۔

نیئر بخاری نے سوال اٹھایا کہ ’’کیا یہی تبدیلی تھی؟ خیبر پختونخوا کو کرپشن کا گڑھ بنا دیا گیا ہے، دعویٰ کرنے والے انسداد بدعنوانی کے علمبردار، خود بدعنوانی کے مددگار نکلے۔‘‘

پی پی رہنما نے مزید کہا کہ کرپشن کرنے والے عناصر کو نہ صرف حساب دینا ہوگا بلکہ ان کا سخت احتساب بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ قوم کے اربوں روپے لوٹنے والوں کو بے نقاب کر کے کٹہرے میں لایا جائے۔واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں سامنے آنے والے تاریخی میگا کوہستان کرپشن اسکینڈل میں روز بروز نئے اور ہوشربا انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔ نیب خیبر پختونخوا نے اس اسکینڈل کو انکوائری سے باضابطہ تفتیش میں تبدیل کر دیا ہے۔ ادارے نے تازہ کارروائی میں:

25 ارب روپے مالیت کے اثاثے برآمد کیے
1 ارب روپے سے زائد کی نقدی، غیر ملکی کرنسی، اور 3 کلو گرام سونا ضبط کیا
مختلف کمرشل بینکوں میں موجود 73 بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جن میں 5 ارب روپے سے زائد رقم موجود تھی
لگژری گاڑیوں، مہنگی جائیدادوں اور اسکینڈل سے متعلق ویڈیوز اور تصاویر بھی حاصل کر لی گئیں
سیاسی حلقے اس اسکینڈل کو خیبر پختونخوا کی تاریخ کی سب سے بڑی مالی بدعنوانی قرار دے رہے ہیں، اور حکومت پر دباؤ بڑھ رہا ہے کہ وہ غیر جانب دارانہ اور شفاف تحقیقات کو یقینی بنائے۔