سڈنی: آسٹریلیا کے تجربہ کار آف اسپنر نیتھن لائن کے ٹیسٹ کیریئر کے مستقبل پر سوالات اٹھنے لگے ہیں، انہیں نیوزی لینڈ کے خلاف پرتھ میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے ممکنہ طور پر اسکواڈ میں شامل نہیں کیا جائے گا۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق آسٹریلوی سلیکٹرز ہفتے کو پہلے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا اعلان کریں گے، جس میں 577 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کرنے والے نیتھن لائن کی جگہ خطرے میں ہے۔تاہم بھارت کے آئندہ دورے کے لیے نیتھن لائن کے انتخاب کے امکانات بدستور برقرار ہیں۔ ان کی ٹیم میں شمولیت کا فیصلہ آئندہ کارکردگی اور سلیکٹرز کی حکمت عملی کی بنیاد پر کیا جا سکتا ہے۔واضح رہے کہ نیتھن لائن گزشتہ ایشز سیریز کے دوران ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے تھے۔ انجری سے صحت یابی کے بعد کرکٹ میں واپسی پر وہ 10 وکٹیں حاصل کرسکے، جبکہ اس دوران ان کی بولنگ اوسط 41.20 رہی۔
آسٹریلیا نے حال ہی میں جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں بھی نیتھن لائن کو ٹیم سے ڈراپ کرکے مکمل فاسٹ بولنگ اٹیک میدان میں اتارا تھا۔ اس فیصلے کے بعد ان کی ٹیسٹ ٹیم میں مستقل جگہ کے حوالے سے بحث شروع ہوگئی ہے۔دوسری جانب آسٹریلوی لیگ اسپنر مچل سویپسن شیفیلڈ شیلڈ میں 11 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد قومی ٹیم میں واپسی کے لیے پرامید ہیں۔ ان کی حالیہ کارکردگی نیتھن لائن کی جگہ ٹیم میں شمولیت کے امکانات کو مزید اہم بنا رہی ہے۔