آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر شیڈول چار ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے تجربہ کار بیٹر مارنس لبوشین کو ٹیم کے انتخاب سے باہر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آسٹریلوی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین جارج بیلی نے پیر کے روز تصدیق کی کہ مارنس لبوشین نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کے کسی بھی ٹیسٹ میچ کے لیے زیر غور نہیں ہوں گے۔ ان کے مطابق یہ فیصلہ اس لیے پہلے ہی واضح کر دیا گیا ہے تاکہ لبوشین ٹیم میں انتخاب سے متعلق قیاس آرائیوں سے دور رہتے ہوئے اپنی تمام تر توجہ ڈومیسٹک کرکٹ پر مرکوز کر سکیں۔
شیفیلڈ شیلڈ میں کوئنز لینڈ کی قیادت کریں گے
جارج بیلی کا کہنا تھا کہ مارنس لبوشین نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ سمیت پوری سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے۔ سلیکشن کمیٹی نے محسوس کیا کہ ان کی ممکنہ واپسی سے متعلق مسلسل قیاس آرائیاں جاری ہیں، اس لیے صورت حال واضح کرنا ضروری تھا۔لبوشین اب شیفیلڈ شیلڈ میں کوئنز لینڈ کی کپتانی پر توجہ دیں گے۔ آسٹریلوی سلیکشن کمیٹی شیفیلڈ شیلڈ کے چوتھے راؤنڈ کے اختتام پر نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے لیے اسکواڈ کا اعلان کرے گی، جبکہ چوتھے راؤنڈ کے میچز بدھ سے شروع ہوں گے۔
خراب کارکردگی کے باعث ٹیم سے باہر
مارنس لبوشین کی حالیہ ٹیسٹ کارکردگی ان کے ٹیم سے باہر ہونے کی اہم وجہ سمجھی جا رہی ہے۔ وہ گزشتہ سیزن ایشز سیریز میں آسٹریلوی ٹیم میں واپسی کے بعد 10 ٹیسٹ میچز میں 23.66 کی اوسط سے صرف رنز بنا سکے۔انہوں نے 16 اننگز میں محض ایک نصف سنچری اسکور کی، جبکہ ان کی آخری ٹیسٹ سنچری 2023 میں انگلینڈ کے خلاف سیریز کے چوتھے میچ میں بنی تھی۔