پاکستانی لیگ اسپنر اسامہ میر نے انگلینڈ میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کے ممکنہ امکانات سے متعلق گفتگو کی ہے۔
سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے 29 سالہ کرکٹر نے بتایا کہ اگر انہیں کسی دوسرے ملک سے کھیلنے کی پیشکش ہوئی تو وہ اس پر غور کریں گے۔اسامہ میر نے حال ہی میں ووسٹرشائر کائونٹی کرکٹ کلب کے ساتھ تین سالہ ٹی ٹوئنٹی معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت وہ 2026 تک غیرملکی کھلاڑی کے طور پر کھیلنے کے اہل ہو جائیں گے، اور 2027 سے مقامی پلیئر کے طور پر میدان میں آئیں گے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کرکٹ کھیلنا ان کا کام ہے، اور اگر کسی بھی ملک سے اعلیٰ سطح پر کھیلنے کا موقع ملا، تو وہ اسے نظر انداز نہیں کریں گے۔
انہوں نے یہ بھی اظہار افسوس کیا کہ قومی ٹیم میں مسلسل نظر انداز کیے جانے سے وہ ناخوش ہیں اور وہ صرف ڈومیسٹک کرکٹ میں مصروف رہ کر غیر یقینی صورتحال سے بچنا چاہتے ہیں۔ اس کے علاوہ، ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک معیاری کرکٹ کے مواقع ملنے پر وہ بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔یاد رہے کہ اسامہ میر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 12 ون ڈے اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں۔