نیتھن لائن نے گلین میک گرا کو پیچھے چھوڑ دیا، ٹیسٹ کرکٹ میں بڑا سنگِ میل عبور

نیتھن لائن نے گلین میک گرا کو پیچھے چھوڑ دیا، ٹیسٹ کرکٹ میں بڑا سنگِ میل عبور

آسٹریلیا کے تجربہ کار اسپنر نیتھن لائن نے ہم وطن فاسٹ بولر گلین میک گرا کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ایک اور بڑا اعزاز اپنے نام کر لیا۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے تیسرے ایشیز ٹیسٹ میں نیتھن لائن نے اپنے پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں حاصل کیں، جس کے بعد وہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دوسرے آسٹریلوی بولر بن گئے۔نیتھن لائن نے بین ڈکٹ کی وکٹ حاصل کرکے یہ سنگِ میل عبور کیا۔ ان کی ٹیسٹ وکٹوں کی تعداد 564 ہو گئی ہے، جبکہ گلین میک گرا نے اپنے کیریئر میں 563 وکٹیں حاصل کی تھیں۔آسٹریلیا کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز بدستور شین وارن کے پاس ہے، جنہوں نے 708 وکٹیں حاصل کیں۔

مجموعی طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں نیتھن لائن چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔ اس فہرست میں سری لنکا کے مُتھیا مرلی دھرن 800 وکٹوں کے ساتھ سرفہرست ہیں، شین وارن دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ انگلینڈ کے لیجنڈری فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن 704 وکٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔بھارت کے انیل کمبلے 619 وکٹوں کے ساتھ چوتھے جبکہ انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ 604 وکٹوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔