کرتارپور: بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کرتارپور میں شروع ہوگئی ہیں، جن میں شرکت کے لیے پاکستان سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتریوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
بھارت سے واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان آنے والے 2 ہزار 300 سے زائد سکھ یاتری آج حسن ابدال سے کرتارپور پہنچیں گے۔ذرائع کے مطابق 22 نومبر کو واہگہ بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچنے والے بھارتی سکھ یاتریوں نے ننکانہ صاحب میں مرکزی تقریب میں شرکت کی اور حسن ابدال میں گوردوارہ پنجہ صاحب پر مذہبی رسومات ادا کیں۔ اب یاتری اپنے مذہبی سفر کے اگلے مرحلے میں کرتارپور روانہ ہوں گے۔دربار انتظامیہ کے مطابق بھارت سے آنے والے تقریباً 2 ہزار 300 یاتری حسن ابدال سے کرتارپور پہنچیں گے، جہاں ان کے قیام اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔انتظامیہ اور متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے سکھ یاتریوں کی مہمان نوازی، رہائش، ٹرانسپورٹ اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ زائرین کو دورانِ قیام کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔شیڈول کے مطابق یاتری کرتارپور میں قیام کے دوران مذہبی رسومات ادا کریں گے، جس کے بعد وہ لاہور میں واقع گوردوارہ ڈیرہ صاحب کی زیارت بھی کریں گے۔
دوسری جانب بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں لاہور کو بھی خوبصورتی سے سجا دیا گیا ہے۔ شہر کے اہم چوکوں، چوراہوں اور شاہراہوں کو برقی قمقموں اور رنگا رنگ روشنیوں سے مزین کیا گیا ہے، جس سے شہر کی رونقوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے 2 ہزار 339 سکھ یاتری بذریعہ سڑک لاہور سے کرتارپور صاحب پہنچیں گے۔ یاتری وہاں قیام کے دوران مذہبی عبادات اور رسومات ادا کرنے کے بعد رات گزاریں گے اور پھر بذریعہ سڑک واپس لاہور روانہ ہوں گے۔