لاہور: بابا گورو نانک دیو جی کے 557ویں یوم پیدائش کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کی حفاظت کے لیے لاہور پولیس نے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
لاہور سمیت مضافاتی علاقوں اور دیگر شہروں میں بھی سکیورٹی کے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔ترجمان لاہور پولیس کے مطابق سکھ یاتریوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے پولیس مکمل طور پر الرٹ ہے، جبکہ شہر میں واقع گوردواروں اور سکھ یاتریوں کی رہائش گاہوں کے اطراف سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سکھ یاتری اپنے دورے کے دوران لاہور، ننکانہ صاحب، شیخوپورہ، حسن ابدال اور کرتارپور جائیں گے۔ ان تمام مقامات پر سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاکہ مذہبی تقریبات میں شرکت کرنے والے مہمانوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔ترجمان کے مطابق متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ سکھ یاتریوں کی سکیورٹی سے متعلق جاری کردہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
سپروائزری افسران خود سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کریں گے، جبکہ حساس مقامات پر پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات کی جائے گی۔اس حوالے سے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ سکیورٹی انتظامات کے سلسلے میں فوکل پرسنز سے مسلسل رابطے میں رہیں اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری برقرار رکھیں۔سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ مہمان سکھ یاتریوں کی حفاظت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور تمام افسران اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی سے انجام دیں۔