لاہور: سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات کے لیے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی کی جانب سے تقریباً 3 ہزار سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کردیے گئے ہیں۔
بھارتی یاتری 22 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے، جہاں ان کا استقبال کیا جائے گا۔شیڈول کے مطابق واہگہ بارڈر سے سکھ یاتریوں کو خصوصی بسوں کے ذریعے ننکانہ صاحب روانہ کیا جائے گا۔ یاتری 23 نومبر کو ننکانہ صاحب میں مختلف گوردواروں کی زیارت کریں گے، جبکہ 24 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان میں بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی۔ اس موقع پر بھوگ اور اکھنڈ پاٹھ صاحب کی مذہبی رسومات ادا کی جائیں گی۔تقریبات کے بعد 25 نومبر کو یاتری ننکانہ صاحب سے گوردوارہ سچا سودا، فاروق آباد کے راستے حسن ابدال روانہ ہوں گے، جہاں وہ گوردوارہ پنجہ صاحب میں قیام کریں گے۔ 26 نومبر کو بھی یاتری حسن ابدال میں موجود رہیں گے اور گوردوارہ پنجہ صاحب میں مذہبی رسومات ادا کریں گے۔شیڈول کے مطابق 27 نومبر کو سکھ یاتری گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور، نارووال جائیں گے اور رات نارووال میں قیام کریں گے۔ 28 نومبر کو گوردوارہ دربار صاحب کے مقام پر کبڈی میچ منعقد ہوگا، جس کے بعد یاتری لاہور پہنچیں گے اور گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں قیام کریں گے۔
29 اور 30 نومبر کو یاتری لاہور کے مختلف گوردواروں کی زیارت کریں گے، جبکہ یکم دسمبر کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت واپس روانہ ہوجائیں گے۔متروکہ وقف املاک بورڈ کے حکام کے مطابق یاتریوں کی آمدورفت کے لیے خصوصی بسوں کا انتظام کیا گیا ہے، تاہم بسوں کا کرایہ یاتری خود ادا کریں گے۔ ان کی رہائش اور کھانے پینے کے انتظامات متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے مفت فراہم کیے جائیں گے، جبکہ طبی سہولیات بھی بلا معاوضہ مہیا کی جائیں گی۔حکام کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان مذہبی سیاحت کے معاہدے کے تحت بابا گرو نانک کے جنم دن کے موقع پر بھارت سے 3 ہزار یاتری پاکستان آسکتے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت سے 3 ہزار سے زائد سکھ یاتری پاکستان آنے کے خواہش مند ہیں، تاہم بھارتی حکومت کی جانب سے کلیئرنس نہ ملنے کے باعث بڑی تعداد میں یاتریوں کی آمد ممکن نہیں ہوسکے گی۔
ذرائع کے مطابق اس سال ڈھائی ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کی پاکستان آمد متوقع ہے۔ گزشتہ سال پاکستان کی جانب سے 2 ہزار 400 ویزے جاری کیے گئے تھے، تاہم ان میں سے ایک ہزار 932 یاتری ہی پاکستان پہنچ سکے تھے۔ ذرائع کے مطابق تقریباً 300 یاتریوں کے ایک گروپ کو بھارتی حکومت نے پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی تھی۔