بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات کی تیاریاں مکمل

بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات کی تیاریاں مکمل

پاکستان میں سِکھ برادری کے روحانی پیشوا بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات کی تیاریوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

 مرکزی تقریب 5 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی، جہاں پاکستان سمیت دنیا بھر سے یاتری شرکت کریں گے۔متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اہتمام اعلیٰ سطحی اجلاس میں سیکورٹی، رہائش، سفری سہولیات اور طبی امداد کی جامع منصوبہ بندی کی گئی۔ اجلاس کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے کی، جبکہ چیئرمین بورڈ ڈاکٹر ساجد محمود چوہان ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔اجلاس میں پولیس، رینجرز، کسٹمز، امیگریشن، واپڈا اور ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔ یاتریوں کی سہولت کے لیے نئی بسیں فراہم کی جائیں گی، سی سی ٹی وی کیمروں، واک تھرو گیٹس اور اضافی نفری کے ذریعے سیکورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔

 واپڈا نے یقین دہانی کرائی کہ لوڈشیڈنگ کم سے کم ہوگی اور ہنگامی صورتحال میں جنریٹرز فراہم کیے جائیں گے۔پاکستان نے بھارتی سکھ یاتریوں کو بھی دعوت دی تھی، تاہم بھارت نے اپنے شہریوں کو پاکستان نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ تمام ادارے یاتریوں کی آمد و رفت اور قیام کے حوالے سے انتظامات مقررہ وقت پر مکمل کریں تاکہ یہ مذہبی تقریب محفوظ اور شایانِ شان انداز میں منعقد ہو۔