اسلام آباد: حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کے اعلان کے بعد شہریوں کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
عوام نے پٹرول کی قیمت میں مزید کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے 250 روپے فی لیٹر مقرر کرنے کی اپیل کی ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی ناکافی ہے، حکومت کو چاہیے کہ عوام کو مزید ریلیف فراہم کرے۔ ان کے مطابق پٹرول کی قیمت 250 روپے فی لیٹر مقرر کی جائے تاکہ مہنگائی سے متاثرہ شہریوں کو کچھ سہولت مل سکے۔عوام نے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حقیقی فائدہ براہِ راست عوام تک پہنچایا جائے، کیونکہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے روزمرہ استعمال کی اشیا اور ٹرانسپورٹ کے اخراجات بھی متاثر ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ حکومت نے گزشتہ رات پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کا اعلان کیا تھا۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں ایک روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت میں دو روپے فی لیٹر کمی کی گئی۔قیمتوں میں کمی کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 313 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 346 روپے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔