پٹرول ریلیف اسکیم: 100 روپے فی لیٹر سبسڈی حاصل کرنے کا آسان طریقہ سامنے آگیا

پٹرول ریلیف اسکیم: 100 روپے فی لیٹر سبسڈی حاصل کرنے کا آسان طریقہ سامنے آگیا

اسلام آباد: حکومت نے وزیراعظم کی پٹرول ریلیف اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے شہریوں کو رجسٹریشن اور سبسڈی حاصل کرنے کا طریقہ بتادیا ہے۔

وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے وفاقی وزرا عطا تارڑ اور علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ اسکیم میں موٹر سائیکل، رکشہ، چنگچی اور 800 سی سی تک کی گاڑیاں شامل ہیں۔ اہل شہریوں کو پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے کی رعایت دی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ 2 اور 3 ویلر گاڑیوں کے لیے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے لیے 30 لیٹر پٹرول پر سبسڈی دی جائے گی۔

رجسٹریشن کا طریقہ:
شہریوں کو اپنے شناختی کارڈ پر رجسٹرڈ موبائل نمبر سے 9771 پر ایس ایم ایس بھیجنا ہوگا۔ پیغام میں REG، شناختی کارڈ نمبر، صوبے کا پہلا حرف اور موٹر سائیکل یا گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ درج کرنا ہوگی۔ مثال کے طور پر سندھ کے شہری صوبے کے لیے S لکھیں گے۔

سبسڈی حاصل کرنے کا طریقہ:
رجسٹریشن مکمل ہونے کے بعد پٹرول خریدتے وقت شہری کو اپنے رجسٹرڈ موبائل نمبر سے 9771 پر TOK لکھ کر ایس ایم ایس کرنا ہوگا۔ جواب میں موصول ہونے والا ٹوکن متعلقہ پٹرول پمپ پر دکھانے کے بعد سبسڈی حاصل کی جاسکے گی۔شزا فاطمہ نے شہریوں کو خبردار کیا کہ اپنا شناختی کارڈ نمبر یا دیگر ذاتی معلومات کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔ حکومت شہریوں سے اضافی ڈیٹا طلب نہیں کرے گی اور نہ ہی اس سہولت کے عوض کوئی چارج وصول کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اسکیم کے نفاذ کے دوران سامنے آنے والی خامیوں کا جائزہ لے کر ضرورت کے مطابق نظام میں بہتری لائی جاتی رہے گی۔