ساتھیوں کی فائرنگ، زیر حراست ملزم ہلاک

ملزم کو پولیس ریکوری کیلئے لے کر جارہی تھی،گرین ٹائون میں حملہ ،عبدالودود مارا گیا ،لاش ہسپتال منتقل
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہورکیعلاقہ گرین ٹائون میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران سی سی ڈی کے زیرحراست ملزم مارا گیا، پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کا نشانہ بنا۔ ذرائع کے مطابق ڈکیتی کے ملزم عبدالودود کو پولیس ریکوری کیلئے لے کر جارہی تھی کہ گرین ٹائون کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے سی سی ڈی ٹیم پر حملہ کر دیا،فائرنگ کے تبادلے کے دوران زیر حراست ملزم عبدالودود اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہو گیا، جبکہ حملہ آوررات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاتے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔پولیس نے ہلاک ملزم کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانے منتقل کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم عبدالودود قتل سمیت درجن سے زائد سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔