مبینہ مقابلہ ،پولیس ملزم علی رضا کو نشاندہی کے لیے کرول پنڈ لے جا رہی تھی، ساتھی فرار
لاہور (کرائم رپورٹر) سول لائنز ڈویڑن کے علاقے گجر پورہ کے قریب سی سی ڈی پولیس کے مبینہ مقابلے میں ایک ملزم ہلاک ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق سی سی ڈی اہلکار ملزم علی رضا کو نشاندہی کے لیے کرول پنڈ، گجر پورہ لے جا رہے تھے کہ اس دوران ملزم کے ساتھیوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ دوطرفہ فائرنگ کے دوران علی رضا اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر ہلاک ہوگیا، جبکہ اس کے ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہوگئے۔ پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق ہلاک ملزم ڈکیتی، چوری اور نقب زنی کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔