ایران کے میزائل یورپ تک پہنچ سکتے ہیں، مشرق وسطیٰ میں امن نہ ہوا تو ایٹمی تباہی ہوگی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

ایران کے میزائل یورپ تک پہنچ سکتے ہیں، مشرق وسطیٰ میں امن نہ ہوا تو ایٹمی تباہی ہوگی، صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دعویٰ

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے پاس ایسے میزائل موجود ہیں جو یورپ تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

 انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر مشرق وسطیٰ میں امن و استحکام قائم نہ ہوا تو خطے کو ممکنہ ایٹمی تباہی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔الجزیرہ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ مارا لاگو سے تھینکس گیونگ کے موقع پر امریکی فوجی اہلکاروں سے ٹیلی فونک گفتگو کی۔ اس دوران مستقبل میں مشرق وسطیٰ کے حوالے سے امریکی پالیسی سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران کے میزائل امریکا تک نہیں پہنچ سکتے، تاہم ان کی رینج یورپ تک ضرور ہے۔امریکی صدر نے خطے میں عدم استحکام کے حوالے سے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حالات قابو میں نہ رہے تو ایران اسرائیل اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک پر جوہری ہتھیاروں سے حملہ کر سکتا ہے، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ایٹمی تباہی پھیلنے کا خطرہ ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا کو مشرق وسطیٰ کے تیل کی ضرورت نہیں، تاہم خطے میں امن کا قیام انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مشرق وسطیٰ میں استحکام برقرار رکھنا عالمی امن کے لیے بھی اہمیت رکھتا ہے۔ایرانی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ وہ ایران کے رہنماؤں کو جانتے ہیں اور ان کے بقول وہ غیر معمولی طور پر غیر معقول ہیں۔ امریکی صدر نے ایک بار پھر اپنے مؤقف کا اعادہ کیا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن کو مشرق وسطیٰ کے ممالک کی حمایت جاری رکھنی چاہیے تاکہ وہ اپنی سلامتی اور دفاع کے لیے خود کو مضبوط بنا سکیں اور مستقبل میں اپنے تحفظ کی ذمہ داری بہتر انداز میں ادا کر سکیں۔