یونان میں پیش آنے والے کشتی حادثے میں مزید پاکستانیوں کی لاشیں ملی ہیں، جس کے بعد جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق یونان کے جزیرے گیواڈوس سے مزید 4 پاکستانیوں کی لاشیں ملی ہیں، جن کی شناخت زین علی، شبیر، ذیشان، اور اویس علی کے نام سے ہوئی ہے۔ ذیشان کا تعلق نارووال سے اور اویس علی کا تعلق سیالکوٹ سے بتایا جا رہا ہے۔ یہ لاشیں ایتھنز کے ہسپتال منتقل کی گئی ہیں اور پاکستانی سفارتخانہ ان کے پاکستان منتقلی کے انتظامات کر رہا ہے، جس میں ایک ہفتہ لگ سکتا ہے۔یاد رہے کہ یہ کشتی حادثہ 13 اور 14 دسمبر کی رات لیبیا کے علاقے تبروک سے یونان جاتے ہوئے پیش آیا تھا۔
دوسری جانب ایف آئی اے اسلام آباد زون نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے لیبیا کشتی حادثے میں ملوث 6 انتہائی مطلوب انسانی سمگلروں کو گرفتار کیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت محمد ارشد، صہیب علی حشمت، احمد نواز، ذوالفقار، مظہر خان اور منشا کے نام سے ہوئی ہے۔ ان ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے سادہ لوح پاکستانی شہریوں کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک بھیجا تھا۔ گرفتاریاں سرگودھا، فیصل آباد اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں سے کی گئیں۔
یہ گرفتاری ایف آئی اے کے ڈی جی احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایات پر کی گئی، جنہوں نے کشتی حادثات میں ملوث افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا حکم دیا تھا۔